سٹی 42 : وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برونو کاراسکو کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں موسمیاتی لچک اور ماحولیاتی استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں پاکستان اور اے ڈی بی نے مشترکہ موسمیاتی پالیسی اور قومی حکمتِ عملی کی تشکیل پر اتفاق کیا، ساتھ ہی نوجوانوں کی قیادت میں موسمیاتی منصوبوں کو انکیوبیشن، رہنمائی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر زور دیا گیا ۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی سطح پر مسابقتی منصوبوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ موسمیاتی مالیات اور مشترکہ منصوبہ جات پر تعاون کے فروغ کا عزم بھی کیا گیا۔
ملاقات میں کاربن کریڈٹس پر مبنی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی نے منصوبہ بندی سے عمل درآمد کی طرف منتقلی پر زور دیا ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے اے ڈی بی کے ساتھ ہر مرحلے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ علمی منصوبے، پالیسی پر مبنی قرضہ جات اور صلاحیت سازی پر مشتمل ورکشاپس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ۔ موسمیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے عوامی آگاہی مہمات پر بھی مشاورت ہوئی ۔