ویب ڈیسک : شہرِ قائد کی ٹریفک پولیس کی جانب سے رنگ برنگی اور فینسی نمبر پلیٹس لگانے والے موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام نے واضح کیا ہے کہ اب ایسی گاڑیوں کو دیکھتے ہی فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ٹریفک حکام نے واضح کیا ہے کہ اب ایسی گاڑیوں کو دیکھتے ہی فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ حکام کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اور فینسی نمبر پلیٹس سیکیورٹی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق اکثر ملزمان وارداتوں کے دوران غیر رجسٹرڈ شدہ اور فینسی پلیٹس کا استعمال کرتے ہیں تاکہ شناخت چھپائی جا سکے، لاکھوں چالان کیے جانے کے باوجود شہریوں کی جانب سے مسلسل لاپرواہی برتی جا رہی ہے، جس کے بعد اب سخت ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اب صرف چالان پر اکتفا نہیں کیا جائے گا بلکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کر لی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں نمبر پلیٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی یا نام نہاد فینسی پلیٹس کو فوری ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی جاری کردہ سرکاری نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں، بصورتِ دیگر سڑکوں پر موجود ٹریفک اہلکار گاڑیوں کو موقع پر ہی دھر لیں گے۔