شاہد سپرا:وفاقی وزارت مذہبی امور نےرواں سال حج عازمین کے لیے ڈیجیٹل طبی ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عازمینِ حج کے لیے موبائل ایپلی کیشن پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا ہے .
وزارت نے اس مقصد کے لیے ’’پاک حج ایپ‘‘ پر عازمین کے لیے ایک سوالنامہ جاری کیا ہے جس میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، گنٹھیا، تھائرائیڈ، دمہ اور امراضِ قلب جیسی دائمی بیماریوں کا اندراج کیا جائے گا۔ عازمینِ حج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سوالنامہ جمعہ تک مکمل کریں، جو وزارت کی جانب سے مقرر کردہ ڈیڈ لائن ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق یہ سوالنامہ عازمین کی طبی ہسٹری سے متعلق معلومات فراہم کرے گا، جس سے ہنگامی صورتحال میں طبی عملہ فوری اور مؤثر اقدامات کر سکے گا۔ سوالنامہ میں بیماری کی موجودگی کی صورت میں عازمین کو ’’ہاں/Yes’’ اور بیماری نہ ہونے کی صورت میں ’’نہیں/No’’ کا انتخاب کرنا ہوگا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف عازمین کے لیے طبی خدمات بہتر ہوں گی بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط طبی اقدامات ممکن ہوں گے۔