ویب ڈیسک : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے تمام مطالبات مان لیے، اس لیے بجٹ کو سپورٹ کر رہے ہیں، حکومت نے بی آئی ایس پی کے بجٹ میں اضافہ کیا، پیپلز پارٹی کے احتجاج کے بعد سولر پینلز ٹیکس میں کمی کی، ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار ابتدائی مرحلے پر نہیں ہوگا، ان وجوہات کی وجہ بجٹ کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران کیا، کہا کہ پیپلزپارٹی نے وفاقی بجٹ کی تجاویز کو قبول کرلیا، حکومت نے بی آئی ایس پی پر ہماری تجاویز کو مانا، وزیراعظم نے سب سے زیادہ بی آئی ایس پی کے فنڈز میں اضافہ کیا، پیپلزپارٹی بجٹ کو دل سے تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سولر سے متعلق بھی ہمارے تمام مطالبات مان لیے، حکومت نے سولر پینلز پر ٹیکس 50 فیصد کم کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا 12 لاکھ سالانہ تنخواہ دار طبقے پر زیرو ٹیکس ہے، بجٹ میں بی آئی ایس پی میں 20 فیصد اضافے کا مطالبہ مانا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مد میں رقم میں کمی کی گئی تھی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ وفاق نے ایف بی آر قانون میں سخت ترامیم کو ختم کیا، ایف بی آر کے پاس گرفتاری کا اختیار نہیں ہوگا، ایف بی آر کی گرفتاری کو قابل ضمانت قرار دے دیا گیا، اس حوالے سے حکومت نے ہمارے مطالبات منظور کیے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت، وزیراعظم اور وزیرخزانہ کے شکر گزار ہیں کہ ہماری بات مانی گئی۔