سٹی 42: حکومت سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں گے اور کسی بھی قسم کی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔
میرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی آواز اٹھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مقابلے میں "ٹانگہ پارٹیاں" عوام کی حمایت حاصل نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ مشکل وقت میں ملک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں، عوام ووٹ انہیں دیں گے جنہوں نے قربانیاں دی ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے ماضی میں کشمیریوں کی تضحیک کی، مگر آج وہی کشمیر میں موجود ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفاقی وزرا اپنی وزارتوں پر توجہ دینے کے بجائے کشمیر میں کیا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد میرپور پہنچی تاکہ انتخابی عمل پر نظر رکھی جا سکے اور کوئی بھی وفاقی وزیر مبینہ دھاندلی نہ کر سکے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے دعویٰ کیا کہ انتخابات سے ایک روز قبل ٹرکوں اور بسوں کی نقل و حرکت دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کا الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ کی بسوں کے ذریعے کشمیری عوام کو خریدا نہیں جا سکتا اور غیرت مند کشمیری ایسے ہتھکنڈوں میں نہیں آئیں گے۔
شرجیل میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر بھی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ انہیں وزارت اور پارٹی سے کیوں نہیں نکالا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرپور کے عوام باشعور ہیں اور انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیں گے۔