ویب ڈیسک : حکومت سندھ کے بعد حکومت آزادکشمیر نے بھی 27 دسمبر کو ریاست بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے موقع پر آزاد کشمیر میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے تعطیل کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
27 دسمبر کو آزاد کشمیر میں تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
بے نظیر بھٹو کی برسی چونکہ ہفتے کو ہے اور اس کے ساتھ اتوار کی ہفت وار چھٹی بھی ساتھ ملنے سے سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ایک ساتھ 2 چھٹیاں منائی جائیں گی ۔ یعنی 27 دسمبر اور 28 دسمبر کو چھٹیاں ہوں گی ۔

حکومت سندھ نے سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی سے جاری صوبائی محکمہ محنت کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ 27 دسمبر کو سندھ میں عام تعطیل ہوگی۔
واضح رہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے جلسہ کے بعد شہید کر دیا گیا تھا.