سٹی 42: سکھر تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس کے نتائج جاری کردیئے، پری میڈیکل میں کئی سال بعد پہلی اور دوسری پوزیشن پر دو، دو طلبہ نے مشترکہ طور پر کامیابی حاصل کی۔
پری میڈیکل گروپ میں اسلامیہ کالج سکھر کے محمد احمد شیخ اور ڈگری کالج گمبٹ کی نورالنسا نے 1008، 1008 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ بوائز ڈگری کالج ڈہرکی کے روشن میگھواڑ اور اسلامیہ کالج گھوٹکی کی ام کلثوم نے 1007، 1007 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گرلز ڈگری کالج سکھر کی ماریہ بانو نے 1006 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بورڈ کے مطابق پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 31 ہزار 736 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 26 ہزار 341 کامیاب اور 5 ہزار 395 ناکام رہے۔ امتحانات کے دوران 394 طلبہ و طالبات کے خلاف کاپی کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔
پری انجینئرنگ گروپ میں مہران ماڈل کالج پنو عاقل کی انمول اسد نے 1010 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کیریئر کالج گھوٹکی کے ساگر کمار نے 1008 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ ڈگری کالج گمبٹ کے عمیر گلاب نے 1007 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سکھر تعلیمی بورڈ کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 12 ہزار 868 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 10 ہزار 272 امیدوار کامیاب اور 2 ہزار 596 ناکام ہوئےجبکہ پری انجینئرنگ گروپ میں صرف 10 فیصد طلبہ و طالبات اے ون گریڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔