ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا 8واں اسپیل، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا 8واں اسپیل، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے، آٹھویں اسپیل کے دوران مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشیں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھا سکتی ہیں۔

  تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون  سون بارشوں کا 8واں سپیل جاری ہے ، بارشوں سے  لاہور میں  گھر کی چھت گر  نے سے ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے ،ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کوہسپتال منتقل کر دیا۔

 لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی اور حبس کی چھٹی ہوگئی۔

 پنجاب کے مختلف شہروں پتوکی، شیخوپورہ، مریدکے، کامونکی، ڈسکہ اور سمبڑیال میں بھی بادلوں کی گرج برس ہوئی، قصور میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، بارش کا پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہوگیا، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

 دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی،کشمیراور شمال مشرقی پنجاب میں بیشتر مقامات پر جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 واضح رہے کہ بونیر میں سیلاب میں بہہ جانے والے 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں، مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری رہا، ریسکیو حکام نے بتایا کہ گزشتہ 10 روز میں 296 افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے کی گئیں۔

 غذر میں تالی داس کے مقام پر ریلیف آپریشن جاری رہا، شاہراہ غذر کی بحالی کیلئے کام کا آغاز کر دیا گیا، دائن پل بحال نہ ہونے سے 3 ہزار کی بستی شہر سے کٹ کر رہ گئی، صوبائی حکومت نے عارضی کشتیوں کے ذریعے لوگوں کی مدد کی۔

 ترجمان فیض اللہ فراق نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان حکومت متاثرین کیلئے وفاق سے ملکر متبادل گاؤں بنائے گی۔