سعید احمد: میدہ، گندم اور فائن کی قیمتوں میں استحکام کے باوجود بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں پر اضافی بوجھ بڑھ گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بریڈ، برگر بن، رس اور فروٹ کیک سمیت مختلف بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لارج بریڈ کی قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 200 روپے سے بڑھ کر 220 روپے فی پیکٹ ہو گئی ہے، جبکہ سمال بریڈ 10 روپے مہنگی ہو کر 110 روپے سے بڑھ کر 120 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
اسی طرح برگر بن پیکٹ کی قیمت 130 روپے سے بڑھا کر 150 روپے کر دی گئی ہے۔ 200 گرام رس کا پیکٹ 140 روپے سے بڑھ کر 160 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
175 گرام فروٹ کیک کی قیمت بھی 200 روپے سے بڑھا کر 220 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ 100 گرام باقر خانی کا چھوٹا پیکٹ 100 روپے سے بڑھ کر 120 روپے میں دستیاب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کے باوجود بیکری آئٹمز مہنگے ہونا تشویشناک ہے اور حکومت کو اس پر نظر رکھنی چاہیے۔