ویب ڈیسک: پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سیاسی و عسکری قیادت نے بھرپور شرکت کی۔
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) کے ساتھ گیسٹ آف آنر کے طور پر شریک ہوئے۔تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، غیر ملکی سفارتکار، اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو تقریب میں آمد پر سلامی پیش کی گئی جبکہ بگل بجا کر وزیر اعظم شہباز شریف کی آمد کا اعلان کیا گیا اور انہیں بھی خصوصی سلامی دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
تقریب میں اعزازی شمشیر انڈر آفیسر محمد حنان ملک نے حاصل کی، صدارتی طلائی تمغہ انڈر آفیسر زین العابدین کے حصے میں آیا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل نیپال سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ کو عطا کیا گیا۔
لیڈی کیڈٹ لائبہ رحمان کو بھی خصوصی اعزاز سے نوازا گیا، اور انڈر آفیسر محمد طلحہ ایاز نے کمانڈنٹ اعزازی چھڑی حاصل کی۔