ویب ڈیسک: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں ذخیرہ اندوزی کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پہلگام واقعے کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور آئل ریفائنریوں کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل آئل (ڈی جی آئل) نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سمیت دیگر امپورٹنگ کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی بروقت درآمد کو یقینی بنائیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس وقت ملک میں جیٹ فیول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں اور کسی فوری قلت کا خطرہ نہیں۔ تاہم، احتیاطی تدابیر کے طور پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہو چکے ہیں۔
ڈی جی آئل کی جانب سے ہدایات ملنے کے بعد تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اپنے اسٹاکس کو بہتر بنانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔