دورِ نایاب: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے واسا ایجنسیوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام واسا ایجنسیوں کے لیے اہداف مقرر کر دیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام واسا ایجنسیوں میں صارفین سے وصولی کیلئےای بلنگ سسٹم متعارف کروایا جائے گا جبکہ شہری آن لائن ایپ کے ذریعے واٹر سپلائی کنکشن اور بلوں کی ادائیگی بھی کر سکیں گے۔ ریونیو جنریشن کے لیے پی ایچ ایز کے اشتراک سے ایڈورٹائزمنٹ پوائنٹس کا انتخاب کیا جائے گا۔
مزید برآں، ایڈمن، فنانس، ریسورس، آپریشنز اور ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹرز کی تعیناتیاں ترجیحی بنیادوں پر کی جائیں گی۔ اجلاس میں طے پایا کہ گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان کی واسا ایجنسیاں 45 دن کے اندر اصلاحات متعارف کرانے کی پابند ہوں گی، جبکہ 14 نئی قائم کردہ واسا ایجنسیاں 90 دن میں تمام اصلاحات مکمل کریں گی۔
صوبے کے مختلف اضلاع کو زونز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہر زون میں ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہوگا تاکہ آپریشنل معاملات بہتر انداز میں چلائے جا سکیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے ایم ڈیز کو اہداف سونپتے ہوئے واضح کیا کہ جو افسران مقررہ اہداف پورے نہیں کریں گے وہ اپنے عہدوں پر برقرار نہیں رہیں گے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق واسا ایجنسیاں ریکارڈ مدت میں 14 اضلاع میں متعارف کروائی گئی ہیں اور اصلاحات کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔