پی ڈی ایم کا کوئٹہ میں تیسرا پاور شو،حکومت سے مستعفی ہونےکامطالبہ

پی ڈی ایم کا کوئٹہ میں تیسرا پاور شو،حکومت سے مستعفی ہونےکامطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 :گوجرانوالہ اورکراچی کے بعد پی ڈی ایم نے کوئٹہ میں تیسرا پاورشوکیا، ایوب پارک کارکنوں سے کھچا کھچ بھرگیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا جانا اب ٹھہر چکا ہے۔

کوئٹہ کے ایوب پارک میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوا جہاں اپوزیشن رہنماؤں نے خطاب کیا۔سردار اختر مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ راتوں رات باپ کے نام سے پارٹی بنائی گئی ہے،سیاست کرنا سیاستدانوں کا کام ہے کسی اور کا نہیں،اگر آپ نے سیاست کرنی ہے تو سیاستدانوں کو سرحدوں پر بھیج دیا جائے۔دعا کرتا ہوں حکومت کو ہمت دے کہ ہمیں جیل میں ڈالے،جیل میں ڈالو گے تو جگہ کم پڑ جائے گی۔

ثابت ہوگیاحکمران ایک طرف اور عوام دوسری طرف کھڑے ہیں:پرویز اشرف 

پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آ ج کاجلسہ عظیم الشان ہے، ثابت ہوگیاحکمران ایک طرف اور عوام دوسری طرف کھڑے ہیں،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کو ایک مشورہ دینا چاہتا ہوں، جھوٹ بولنے والے کیلئے دنیا اور آخرت میں سخت سزا ہے،حکمرانوں نے عوام کے ساتھ جھوٹ بولا،الیکشن میں جھوٹے وعدے کئے گئے ، حکومت تواتر کے ساتھ جھوٹ بول رہی ہے۔


پی پی رہنما نے کہاکہ آپ نے کہا دیگر سیاست دان کرپٹ اور ہم ایماندار ہیں،آپ نے کہا آپکی حکومت میں خوشحالی آئےگی، روزگاربڑھے گا، آج بچہ بچہ جانتا ہے یہ نااہل حکومت ہے،2 سال میں جھوٹی حکومت کا پردہ فاش ہو گیا،آج عوام نے حکومت کو مسترد کردیاہے، خودساختہ ایماندار کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں ہوں گی،انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے پاکستان کی حکمرانی وہ کرے جو عوام کے ووٹ سے آئے گا،وزیراعظم کو عوام کی خدمت کرنی ہوتی ہے، دکھ درد بانٹنے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آپ اتنے مضبوط اور مقبول ہیں تو یہ پابندیاں کس بات کی،پاکستان کی ساری جماعتیں اٹھ کھڑی ہوئی ہیں،عمران خان دیکھو خلق خدا کہہ رہی ہے گو عمران گو،تم پاکستان کے عوام کوجمہوریت سے کب تک دور رکھو گے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیک ڈور ڈپلومیسی کی عادی نہیں، کٹھ پتلی حکومت سے بات گناہ سمجھتی ہوں۔ اپوزیشن کی تحریک سے مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں، حقیقی سیاسی جماعتیں عوامی ردعمل کیخلاف نہیں جائیں گی۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب اس حکومت کا عوام کے سامنے ٹھہرنا مشکل ہے۔ اسمبلیوں میں استعفے دےدئیے تو حکومت کام تمام ہوجائےگا۔ مریم نوازنے کہا جب چیزیں غلط ہوں گی تو آواز اٹھے گی، اب لوگوں کو پتہ چلا کہ مافیا کیا ہوتا ہے۔

جلسے میں شرکت سے قبل مولانا فضل الرحمان سے پی ڈی ایم کی اعلیٰ قیادت نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور آج کے جلسے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

پی ڈی ایم کی قیادت کا دعویٰ ہے کہ یہ جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے،بلوچستان میں سیکیورٹی تھریٹ کے باعث پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔


کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کر کے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر ایک روز کی پابندی عائد کی گئی, جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند تھی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے لیے 5000 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کی ڈرونز کی مدد سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔  

Azhar Thiraj

Senior Content Writer