ویب ڈیسک:معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ میمن جامع مسجد بہادرآباد (پہاڑی والی) میں ادا کرنے کے بعد تدفین کردی گئی۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر محنت قوت سعید غنی اور صدر آرٹس کونسل احمد شاہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹی وی ڈراموں کے معروف اداکار اسماعیل تارا خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ اسماعیل تارا کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، اداکار نے متعدد ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں لازوال کرداروں سے اپنا نام بنایا۔اداکار کے معروف ترین کامیڈی شوز میں ‘ففٹی ففٹی’ سب سے نمایاں ہے، انہیں بہترین کامیڈین کے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
اسماعیل تارا تین روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے گردے فیل ہوگئے تھے اور ان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ اسماعیل تارا کی اداکاری کی دنیا میں وجہ شہرت پی ٹی وی کے مزاحیہ خاکوں پر مبنی سلسلہ ففٹی ففٹی ہے جس میں انہوں نے اداکاری کے علاوہ بعض خاکے بھی لکھے، اس ڈرامے میں انہوں نے مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر کے ساتھ مل کر بہاری لہجے میں منوا اور ببوا کے لازوال کردار تخلیق کیے۔