خورشید رحمانی:اسلام آباد سے سعودی عرب کے شہر ریاض جانے والی نجی ایئرلائن ایئر سیال کی پرواز کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پرواز پی ایف 768 اسلام آباد سے ریاض جا رہی تھی کہ جیسے ہی طیارہ پاکستان کی فضائی حدود سے بحیرہ عرب کے اوپر پہنچا تو طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔ صورتحال کے پیش نظر کپتان نے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کے کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت کراچی ایرپورٹ پر لینڈ کرایا۔ طیارے میں 160 مسافر سوار تھے۔
نجی ایئرلائن کے کپتان نے ہنگامی لینڈنگ سے قبل ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ طیارے کو بحفاظت لینڈ کر لیا گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
ذرائع کے مطابق ایئر سیال انتظامیہ مسافروں کو دوسرے طیارے کے ذریعے سعودی عرب روانہ کرنے کے انتظامات کر رہی ہے، جبکہ مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے۔