ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محرم الحرام: لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں9 محرم کا جلوس اختتام پذیر، شبِ عاشور کے جلوس جاری

محرم الحرام: لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں9 محرم کا جلوس اختتام پذیر، شبِ عاشور کے جلوس جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی، ارشاد قریشی،ملک رحمان: ملک کے مختلف شہروں میں محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔

 راولپنڈی میں 9 محرم الحرام کا جلوس دوپہر کے وقت چٹیاں ہٹیاں سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں پر سفر کرتے ہوئے اقبال روڈ اور برڈ مارکیٹ سے گزر کر امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچا، جہاں جلوس اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے،کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند رکھی گئیں جبکہ حساس عمارتوں اور بلند مقامات پر سنائپر شوٹرز تعینات کیے گئے تھے،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جلوس کی نگرانی کرتے رہے تاکہ عزاداروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

 دوسری جانب پشاور میں شبِ عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ قمر بنی ہاشم اور امام بارگاہ سائیں زرین، امامیہ کالونی گلبہار سے برآمد ہوا،انتظامیہ کے مطابق شبِ عاشور کے موقع پر مجموعی طور پر 16 جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے قدیمی راستوں پر پوری رات رواں دواں رہیں گے اور نمازِ فجر کے وقت اپنے اپنے امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہوں گے۔

 جلوسوں کے مقررہ راستوں پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار بھی تعینات ہیں،ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں بھی مختلف مقامات پر موجود ہیں،شہر کے داخلی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی جاری ہے جبکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رکھی گئی ہے۔

 ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور بلال یاسین، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بی بی پاکدامن مزار، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور محکمہ داخلہ کے صوبائی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

 مریم اورنگزیب نے بی بی پاکدامن مزار پر سکیورٹی انتظامات اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور مزار کے داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا،اس موقع پر انہوں نے زائرین سے ملاقات بھی کی، جنہوں نے محرم الحرام کے دوران کیے گئے حکومتی انتظامات کو سراہا۔

 بعد ازاں ،سینئر وزیر پنجاب نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں آئی جی پنجاب، ہوم سیکرٹری، سی سی پی او لاہور اور ایم ڈی سیف سٹی نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں ہائی الرٹ نافذ ہے اور لاہور سمیت 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے محرم الحرام کے سکیورٹی آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، 130 ڈرونز اور 5600 سے زائد کیمرے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی میں مصروف ہیں جبکہ 400 سے زائد پینک بٹن فعال ہیں۔

 حکام کے مطابق اے کیٹیگری جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات، فلیش پوائنٹس اور جلوسوں کی ہیڈ و ٹیل پوزیشنز پر جدید ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے کڑی نظر رکھی جا رہی ہے،فیلڈ میں موجود پولیس افسران کو ایل ٹی ای ہینڈ سیٹس کے ذریعے سیف سٹی کیمروں کی لائیو فیڈ اور سکیورٹی الرٹس فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ کیو آر پینک بٹن کے ذریعے امام بارگاہ انتظامیہ کا سیف سٹی کنٹرول روم سے فوری رابطہ ممکن بنایا گیا ہے۔

 محکمہ داخلہ کے صوبائی کنٹرول روم میں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے سکیورٹی صورتحال پر لائیو بریفنگ دی۔

 اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  کے  محفوظ پنجاب وژن کے تحت جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سرویلنس اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے محرم الحرام کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے جبکہ پنجاب پولیس اور سیف سٹی کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کے ذریعے عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔