ویب ڈیسک:ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے نگرانی کا دائرہ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف بی آر نے مل مالکان کو کیمروں کی لازمی تنصیب کیلئے حتمی مہلت دے دی ہے، جبکہ عمل نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے ٹیکسٹائل ملوں میں نگرانی کے کیمرے نصب ہونا لازمی قرار دیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے 180 ملز مالکان کو آخری وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کیمروں کی خریداری اور تنصیب کے تمام اخراجات متعلقہ ٹیکسٹائل ملز خود برداشت کریں گی، جبکہ مقررہ وقت تک عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ایسی ملوں کو بند تصور کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر اس سے قبل شوگر، سیمنٹ اور کھاد کے صنعتی شعبوں میں بھی اسی نوعیت کا نگرانی کا نظام نافذ کر چکا ہے اور اب اس کا دائرہ ٹیکسٹائل انڈسٹری تک بڑھایا جا رہا ہے۔
اس اقدام کو صنعتی نگرانی، پیداوار کے ریکارڈ اور ریگولیٹری عمل کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔