سٹی 42: پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام سیلاب کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں انتخابی وعدے یاد آ رہے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تین بار وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والوں کو آج بھی سڑکیں، اسپتال اور موٹرویز بنانے کے وعدے کرنے پڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام یہ سوال کر رہے ہیں کہ جو منصوبے اقتدار میں رہتے ہوئے مکمل نہ ہو سکے، وہ اب انتخابی وعدوں سے کیسے پورے ہوں گے۔
پلوشہ خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو صرف وعدوں کے بجائے عملی کارکردگی درکار ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کو کشمیر کی ترقی یاد آتی ہے، جبکہ باقی وقت عوام کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی خستہ حال سڑکیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقے حکومتی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کی امید اور جدید سیاست کی علامت بن چکے ہیں۔