ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آزاد کشمیر انتخابات: رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کی انتخابی مہم، مختلف برادریوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت

آزاد کشمیر انتخابات: رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کی انتخابی مہم، مختلف برادریوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں تھکیال فتح پور اور کھائی رٹہ میں انتخابی مہم کے دوران بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کیا، جہاں مختلف برادریوں اور مقامی عمائدین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

جلسوں کے دوران رانا ثناء اللہ اور انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والے افراد کو پارٹی پرچموں والے اسکارف پہنائے۔ دونوں رہنماؤں نے ایل اے 13 کھائی رٹہ اور ایل اے 9 تھکیال فتح پور کے انتخابی حلقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں کارکنوں نے ریلیوں کی صورت میں ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے گل پاشی کی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔

اپنے خطاب میں رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر کے عوام اپنے مسائل کا حل اور انتخابی وعدوں کی تکمیل چاہتے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے گزشتہ دور میں آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا اور آئندہ اسے مزید بڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا مطلب ترقی، عوامی خوشحالی اور وعدوں کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو نواز شریف کی قیادت میں ترقیاتی عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

بعد ازاں رانا ثناء اللہ خان اور انجینئر امیر مقام نے مرحوم پارٹی کارکن ملک عاشق پرویز کے فتح پور میں واقع گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک عاشق پرویز نے پارٹی کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں اور ان کی وفات مسلم لیگ (ن) کے لیے بڑا نقصان ہے، جبکہ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پارٹی کارکن ہی جماعت کی اصل طاقت اور سرمایہ ہیں۔