سٹی 42: موسلا دھار بارشوں کی شدت کے ساتھ ہی گلی محلوں اور سڑکوں سے پانی کی بروقت نکاسی کے لئے پنجاب حکومت کے آپریشن میں بھی شدت آگئی ہے ۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کی نگرانی میں پنجاب کے 41 شہروں میں ایک ہزار سے زائد مشینیں نکاسی آب کے مشن میں مصروف ہیں ۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نکاسی آب کے لئے جدید مشینیں تمام 41 اضلاع کی انتظامیہ کے پاس دستیاب اور آپریشن میں استعمال ہورہی ہیں ۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف تمام اضلاع سے براہ راست رابطے میں ہیں اور سرکاری اداروں کے آپریشن کی نگرانی کررہی ہیں ۔گوجرانوالہ، فیصل آباداور سرگودھا ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعد فوری نکاسی آب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔وزیرآباد، گوجرانوالہ ، منڈی بہائوالدین، جہلم، فیصل آباد، سرگودھا، نارووال، ساہیوال سمیت دیگر شہروں میں ضلعی انتظامیہ، واسا، میونسپل کارپوریشن کے افسران اورعملہ فیلڈ میں نکاسی آب آپریشن میں شامل ہیں ۔
حافظ آبادمیں مصری خا ن، ساغر روڈ،کالج روڈ، پوسٹ آفس، مدراں والا چوک میں ڈی واٹرنگ پمپ سے پانی کا نکاس کردیاگیا ہے ۔منڈی بہاؤالدین میں واساکے عملے نے جدید مشینری کے ذریعے پانی کے نکاسی کو یقینی بنایا ۔شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی نکاسی آب اور عوام کی حفاظت اور مدد کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔
شہریوں نے شدید بارش کے بعد چند گھنٹوں میں پانی کے نکاس کے اقدام کو سراہا ہے ۔ماضی میں بارش ہونے پر نہ مشینیں آتی تھیں نہ عملہ، پہلی بار دونوں موجود ہیں ۔