ویب ڈیسک: نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے بچوں کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والے ایک درندے کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس ملزم کے موبائل فون قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ فورانزک سے مزید انکشافات کا امکان ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق تحقیقات کے بعد راولپنڈی میں ایک اہم کارروائی کی گئی ہے اور معصوم بچوں کا استحصال کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ راولپنڈی میں پی ڈبلیو ڈی میں ریڈ کی گئی اور کم سن بچے کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والے شعیب برت کو گرفتار کر لیا گیا اور انس شخص کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد کرلیے گئے ہیں۔
اس کارروائی کے دوران ملزم کے کئی معصوم بچوں کی ویڈیوز رکھنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں پیکا ایکٹ کی سخت دفعات شامل کی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ انسپکٹر محمد توصیف کی سربراہی میں ریڈ کے دوران ملزم سے برآمد ہونے والے دونوں موبائل فون فورنزک لیبارٹری روانہ کردیئے گئے ہیں۔ فورنزک رپورٹ آنے کے بعد مزید انکشافات کا امکان ہے۔