ویب ڈیسک: آسمان پر بیک وقت دو سورج نمودار ہونے کا حیران کن منظر دیکھ کر شہری دنگ رہ گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ یہ غیر معمولی منظر روس کے جزیرے سخالین میں دیکھا گیا جہاں شدید سردی کے باعث فضا میں ایک منفرد قدرتی مظہر سامنے آیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے جزیرے سخالین میں شہریوں نے ایک ہی وقت میں آسمان پر دو سورج طلوع ہوتے دیکھے، جسے دیکھ کر کئی افراد حیرت میں مبتلا ہو گئے اور اس دلکش منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔
ماہرین کے مطابق آسمان پر نظر آنے والے یہ دو سورج درحقیقت ایک قدرتی مظہر تھے، جسے "سن ڈوگ" کہا جاتا ہے۔ شدید سرد موسم میں فضا میں موجود برف کے ننھے کرسٹلز سورج کی روشنی کو منعکس کرتے ہیں، جس کے باعث سورج ایک سے زائد مقامات پر دکھائی دیتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سخالین میں آج درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پارہ منفی 23 ڈگری تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے مناظر عموماً انتہائی سرد علاقوں میں ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔