ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

طوفانی بارشیں اور برفباری، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

طوفانی بارشیں اور برفباری، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا، لاہور سمیت ملک  کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم  سرد اور خوشگوار ہو گیا۔

 جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ اور ان کے ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اسی طرح گرین ٹاؤن، کوٹ لکھپت، چونگی امر سدھو، نشتر، ماڈل ٹاؤن، اچھرہ، کینال، گلبرگ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ گڑھی شاہو، صدر، دھرم پورہ، انارکلی، لکشمی چوک، جین مندر، گوالمنڈی، ریلوے اسٹیشن سرکلر روڈ، والڈ سٹی اور اس کے اطراف کے علاقے بھی بارش سے متاثر ہوئے۔

راوی روڈ، بند روڈ، شاہدرہ، اسلام پورہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے سردی کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔  بارش برسنے کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا، شہریوں کو بارش کے باعث دوران سفر احتیاط بر تنے کی ہدایات کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،کم سے کم درجہ حرارت 16 اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ عسکری ٹین 231،طفیل روڈ پر آلودگی کی شرح 210 ریکارڈ کی گئی ہے۔

 شہر قائد میں سرمائی بادلوں کے ڈیرے ہونے سے موسم خوشگوار ہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج شام و رات کے دوران چند مقامات پر بونداباندی متوقع ہے جبکہ دن بھر مطلع مکمل طور پر ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی 77 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، اور شمال مشرق کی سمت سے 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ شہر کا فضائی معیار مضر قرار دیا گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں بھی کراچی تیسرے نمبر پر ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

 دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، جہانیاں اور وہاڑی میں ہلکی بارش ہوئی۔قصور، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، کندیاں چشمہ اور نواح میں بارش ہوئی، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی بھی پیشگوئی کر دی گئی، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی نویدسنا دی گئی،پہاڑوں پر برفباری کا امکان پیدا ہوگیا۔لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر میں بھی آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔چمن سمیت گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں ژالہ باری تو کہیں برف باری ہورہی ہے۔بلوچستان کے متعدد شہروں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والا سسٹم25 فروری سے 2 مارچ  تک برقرار رہنے کی توقع ہے، جس کے تحت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف بار ی کا ا مکان ہے۔ 

مظفرآباد میں  آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ایچ ایس ڈی ایم اے نےبارشوں اور برفباری کے لئے الرٹ جاری کیا ہے۔مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں جیسے نیلم، پونچھ اور جہلم ویلی میں شدید برفباری کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ایچ ایس ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات کریں۔