ویب ڈیسک: محکمہ تعلیم سندھ نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق یہ اسکالرشپس گریجویٹ، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے امیدواروں کے لیے دستیاب ہوں گی۔ اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے امیدوار کا سندھ کا ڈومیسائل اور قومی شناختی کارڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے مقررہ میرٹ پر پورا اترنے کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں مہارت بھی حاصل ہونی چاہیے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ابتدائی اسکروٹنی کے بعد شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں کو انٹرویو کے مرحلے سے گزارا جائے گا، جس کے بعد حتمی امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ اسکالرشپ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کے حالیہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے دورے کے تناظر میں فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد سندھ کے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔