احمد منصور: بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 دسمبر کو قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی بھارتی پراکسی تنظیم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے نتیجے میں 8 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’’عزمِ استحکام وژن‘‘ کے تحت غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔