ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیلاب متاثرین کیلئے ہر قسم کے معاوضوں کی ادائیگیاں، علی امین نے 6 دن کی ڈیڈ لائن دیدی

سیلاب متاثرین کیلئے ہر قسم کے معاوضوں کی ادائیگیاں، علی امین نے 6 دن کی ڈیڈ لائن دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین نے سیلاب متاثرین کے ہر قسم کے معاوضوں کی ادائیگیوں کے لئے متعلقہ حکام کو چھ دنوں کی ڈیڈ لائن دے دی۔ 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ،  چیف سیکرٹری, سیکرٹری ریلیف، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں پر اب تک کی پیشرفت کا ضلع وار جائزہ لیا گیا۔ 

وزیر اعلیٰ علی امین نے متعلقہ حکام کو  سیلاب متاثرین کے ہر قسم کے معاوضوں کی ادائیگیوں کے لئے چھ دنوں کی ڈیڈ لائن دے دی، کہا کہ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، آنے والے اتوار تک متاثرین کو ہر قسم کے معاوضوں کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے۔ جاں بحق افراد کے وہ کمسن بچے جن کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ نہیں بن سکتے ان کو معاوضوں کی ادائیگیوں کے لئے کوئی قابلِ عمل طریقہ کار وضع کیا جائے، زخمیوں کی تصدیق کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے لئے محکمہ صحت کی مزید ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ جو افراد اب تک لاپتہ ہیں ان کے لواحقین کو بھی معاوضوں کی ادائیگی کی جائے۔ متاثرہ گھروں اور دوکانوں کی تصدیق کے عمل کو بھی جلد مکمل کرنے کے لئے بھی مزید ٹیمیں لگائی جائیں۔ آبی گزرگاہوں پر قائم تباہ شدہ گھروں کا بھی ڈیٹا اکٹھا کرنے پر کام شروع کیا جائے۔ ایسے گھروں کے مالکان کے لئے  محفوظ مقامات پر گھر تعمیر کرنے کے لئے متاثرین سے بات چیت شروع کی جائے، جن کے گھروں میں سیلابی ریلہ اور ملبہ داخل ہوا ہے انہیں گھروں کی صفائی کے لئے ایک لاکھ روپے فی گھرانہ ادائیگی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں اور بحالی کے کاموں کے لئے پی ڈی ایم اے کو درکار پانچ ارب روپے فوری جاری کئے جائیں۔ باجوڑ کے نقل مکانی کرنے والے گھرانوں کو نن فوڈ آئٹمز کی بجائے نقد ادائیگیاں کی جائیں۔ 

اجلاس کو سیلابوں سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگیوں کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ اب تک صوبے میں 406 اموات اور 247 زخمیوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ 406 جاں بحق افراد میں سے 332 افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے  معاوضوں کی ادائیگی ہوگئی ہے، اسی طرح زخمیوں کو بھی پانچ لاکھ روپے فی کس کے حساب سے معاوضوں کی ادائیگی شروع ہوگئی ہے۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 35 زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی کر دی گئی ہے، اب تک 28 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے، اب تک 5720 متاثرہ خاندانوں میں سے 4398 خاندانوں کو فوڈ پیکج کی رقوم کی ادائیگی ہوگئی ہے۔ باجوڑ کے نقل مکانی کرنے والے 9698 افراد کو فود پیکج فراہم کیا گیا ہے۔ اب تک کی رپورٹس کے مطابق 598 گھروں کو مکمل طور پر اور 2971 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ گھروں کے مالکان کو بھی معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اب تک 43 متاثرہ گھروں کے مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی ہوگئی ہے۔ 

بریفنگ میں کہا گیا کہ سیلابوں سے 526 رابطہ سڑکیں اور 106 پل متاثر ہوئے ہیں، اسی طرح 326 تعلیمی مراکز، 38 صحت کے مراکز اور 67 سرکاری دفاتر متاثر ہوئے، صوبے میں 2808 دوکانیں متاثر ہوئی ہیں، نقصانات کا تخمینہ لگانے کے بعد مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شروع کیا جائے گا۔