ویب ڈیسک :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے شہر اوساکا میں ورلڈ ایکسپو 2025 کے چیف آرگنائزر اکی نوکی ماناتسو سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی نمائندگی اور پنجاب کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر گفتگو ہوئی۔
مریم نواز نے ایکسپو کے موضوع "Designing Future Society for Our Lives" کو سراہتے ہوئے پنجاب کی روایتی دستکاریوں جیسے اجرک اور بلیو پاٹری کو عالمی سطح پر پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایکسپو کے منتظمین نے وزیرِ اعلیٰ کی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ایونٹ کی اہم تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے پنجاب کی قدرتی اور ثقافتی دولت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبہ اپنی منفرد فنون اور ہنر کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے پویلین پر اب تک 1.2 ملین سے زائد زائرین آ چکے ہیں، جو پاکستانی مصنوعات اور ثقافت میں عالمی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔
ایکسپو میں عوامی فلاح و بہبود، حفاظتی اقدامات اور معاشرتی خدمات کے لیے جدید تکنیکی حل بھی پیش کیے گئے ہیں، جنہیں مریم نواز نے سراہا اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے ماہرین کی سفارشات کو قابلِ قدر قرار دیا۔
یہ ملاقات پنجاب کی عالمی رابطہ کاری میں ایک اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے صوبے کی ثقافتی شناخت کو فروغ ملے گا۔