ویب ڈیسک: اہم سفارتی سرگرمیوں کے باعث وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، جس کے تحت حساس علاقوں میں داخلے پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے پیش نظر اسلام آباد میں سکیورٹی ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ریڈ زون اور ایکسپینڈڈ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے 10 نکاتی ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہے گی، جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کی آمدورفت معطل کی جا سکتی ہے۔
مزید ہدایات کے مطابق سیکٹر جی اور ایف کے رہائشی راولپنڈی جانے کیلئے مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کریں، جبکہ فیصل ایونیو کی ٹریفک کو زیرو پوائنٹ سے نائنتھ ایونیو کی جانب موڑا جائے گا۔
اسی طرح جی ٹی روڈ پر پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا کے مقام سے موٹروے کی طرف منتقل کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں کی بندش کی صورت میں متبادل ٹریفک پلان پر عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔