ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت:ہائی وے پر بس میں خوفناک آتشزدگی، خاتون سمیت 9 افراد ہلاک

بھارت:ہائی وے پر بس میں خوفناک آتشزدگی، خاتون سمیت 9 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :بھارت میں ڈرائیور کے سگریٹ پینے کے باعث بس میں اچانک  آگ لگ گئی جس میں جھلس کر9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،ڈرائیور نے مسافروں کی وارننگ نظرانداز کی، آگ بھڑکنے کے بعد دھویں میں پھنسے مسافر جان بچانے کے لیے کھڑکیاں توڑتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر 30 سے 35 مسافروں کو لے جانے والی سلیپر بس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے، آگ نے چند ہی منٹ میں پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ دھویں کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور بعض افراد نے جان بچانے کے لیے چلتی بس سے چھلانگ لگا دی،حادثہ رات تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا، بس نئی دہلی سے اترپردیش کے مہوبا جا رہی تھی کہ نوئیڈاآگرہ روٹ پر کلومیٹر نمبر 33 کے قریب آگ لگ گئی۔

 اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پالیا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اجیت سنگھ کے مطابق بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے،حادثے کے بعد پولیس نے بس کے ڈرائیور پون اور کنڈکٹر یوگیش کو حراست میں لے لیا جبکہ بس کا مالک مدھیہ پردیش کا رہائشی بتایا گیا ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق بس میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ مسافر سنیل کمار کی شکایت پر درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 11 بجے بس جب نوئیڈاآگرہ روٹ پر کلومیٹر 33 کے قریب پہنچی تو مسافروں کو ڈرائیور کیبن سے جلنے کی بو محسوس ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق کچھ ہی دیر بعد ڈرائیور کی نشست کے قریب اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے، مسافروں نے شور مچاتے ہوئے ڈرائیور سے بس روکنے کا مطالبہ کیا، تاہم الزام ہے کہ ڈرائیور اور کنڈکٹر نے ابتدائی طور پر بس روکنے سے انکار کیا اور مسافروں کو دھمکایا، آگ تیزی سے پوری بس میں پھیل گئی اور مسافر حصے میں دھواں بھر گیا، آگ لگنے کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر موقع سے فرار ہوگئے،موقع پر موجود افراد نے بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی، آگ بجھانے کے لیے فائر ایکسٹنگوشر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ کام نہ کرسکا۔

 بس کے اندر سے لوگوں کی آوازیں آنے پر وہاں موجود افراد نے فائر ایکسٹنگوشر کی مدد سے کھڑکی کا شیشہ توڑ کر مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی،حادثے میں بچ جانے والے ایک مسافر نے بتایا کہ وہ سو رہا تھا کہ کسی شخص نے اسے جگا کر بس میں آگ لگنے کی اطلاع دی،بچ جانے والےمسافر کے مطابق بس میں دھواں اس قدر بھر گیا تھا کہ باہر نکلنے کی مناسب جگہ نظر نہیں آرہی تھی، مسافروں نے گھبراہٹ میں کسی نہ کسی طرح بس سے باہر نکلنے کی کوشش کی،مسافر کے مطابق آگ بس کے اگلے حصے میں لگی تھی جبکہ اس کی نشست بالکل پچھلے حصے میں تھی۔

ایک اور مسافر رنکی راجپوت نے بتایا کہ وہ نوئیڈا سے اپنے گھر رتھ جا رہی تھی اور حادثے کے وقت سو رہی تھی، کسی نے اسے دروازہ کھٹکھٹا کر آگ لگنے کی اطلاع دی تو وہ اپنا سامان تک نہ اٹھا سکی اور صرف موبائل فون لے کر بس سے باہر نکل آئی تھی،رنکی کے مطابق بس کے اندر شدید افراتفری تھی اور مسافر ایک دوسرے کو دھکے دے کر باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے، اس نے بتایا کہ دھویں کے باعث کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا اور سانس لینا بھی مشکل ہوگیا تھ،اس کا کہنا تھا کہ آگ ڈرائیور کی نشست کے قریب اگلے حصے میں لگی تھی، رنکی کے مطابق اس کے پیچھے بڑی تعداد میں مسافر موجود تھے اور خدشہ ہے کہ ان میں سے کئی افراد باہر نہ نکل سکے۔

دوسری جانب اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گریٹر نوئیڈا میں پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ہلاک افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے متاثرہ خاندانوں سے رابطہ بھی کیا اور حکام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے،اترپردیش حکومت نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے فی خاندان 2 لاکھ بھارتی روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار بھارتی روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔