ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعظم  شہباز شریف کا  آئرلینڈ کے وزیر اعظم  سائمن ہیرس سے ا ٹیلی فونک رابطہ

Shahbaz Sharif, Ireland, Irish Prime Minister Simen Hares, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ آئر لینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان آج  ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے  وزیراعظم سائمن ہیرس کو  آئرلینڈ کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے آئرلینڈ کی حکومت کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے پر آئرش حکومت کے فیصلے کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کا یہ فیصلہ ان معصوم فلسطینیوں کے لیے امید اور یکجہتی کا پیغام دے گا جو اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں اور فلسطین کاز کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئر لینڈ کا یہ فیصلہ  دوسرے ممالک پر بھی ایسے فیصلے لینے کے لئے دباؤ کا باعث بنے گا۔

 وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن لانے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور آئی سی جے کے اسرائیل کو غزہ اور رفح پر حملے بند کرنے کا حکم دینے کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی عالمی برادری کی طرف سے اسی طرح کی توجہ ملے گی کیونکہ وہ بھی گزشتہ سات دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کو برداشت کر رہے ہیں۔ 

وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے اصولی فیصلہ کیا ہے کیونکہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جا سکتا۔ آئرش حکومت نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ نارملائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔ 

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے   تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں اپنا ریزیڈینٹ مشن کھولنے کے آئرش کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نیا مشن ڈبلن میں پاکستان کے مشن کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم سائمن ہیرس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خلوص دعوت بھی دی۔