ویب ڈیسک : میٹا کی جانب سے فروری 2023 میں اعلان کیا گیا تھا کہ انسٹاگرام اور فیس بک استعمال کرنے والے صارفین ماہانہ فیس ادا کرکے اپنے اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ (یا اکاؤنٹ پر بلیو ٹک) کرا سکیں گے۔یعنی آپ ماہانہ فیس ادا کرکے اپنے اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرسکتے ہیں اور یہ سبسکرپشن پلان دنیا بھر میں دستیاب ہے۔
مگر اب آپ اپنی فیس بک پروفائل پر مفت ویریفکیشن بیج یا ٹک حاصل کرسکتے ہیں اور درحقیقت ہر ایک کے لیے اس کا حصول آسان کر دیا گیا ہے۔میٹا کی جانب سے ایک نئے فیس بک ویریفائیڈ پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام چہرہ شناخت کرنے والی ایک سیلفی اور آپ کی موجودہ پروفائلز فوٹوز کی جانچ پر مبنی ہوگا اور کمپنی کے مطابق یہ پورا عمل چند منٹوں میں مکمل ہو جائے گا۔اس پروگرام میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد ہی شامل ہوسکیں گے۔
ایک بار جب آپ سیلفی ٹیسٹ پاس کرلیں گے تو ایک ویریفائیڈ ٹک فیس بک سائٹس اور سروسز کے مختلف حصوں میں آپ کے پروفائل نام کے برابر نظر آئے گا۔بس یہ بلیو ٹک نہیں ہوگا جبکہ اس سے تصدیق ہوگی کہ یہ ایک حقیقی انسان کی پروفائل ہے مگر یہ کسی فرد کے قابل اعتبار ہونے کی ضمانت نہیں۔اچھی بات یہ ہے کہ یہ ٹک آپ مفت حاصل کرسکتے ہیں۔