(جنید ریاض،زاہد اقبا ل رانا)پنجاب کے تعلیمی بورڈزلاہور، ساہیوال ، فیصل آباد ، سرگودھا ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کااعلان کردیا۔
لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب پینسٹھ اعشاریہ تین، دو فیصد رہا،امتحان میں2 لاکھ چوون ہزار امیدواروں نے شرکت کی۔ایک لاکھ پینسٹھ ہزار امیدوار امتحان میں کامیاب رہےجبکہ اٹھاسی ہزار ایک سو امیدوار میٹرک امتحان میں فیل ہوگئے،لاہور بورڈ میں قصور سے تعلق رکھنے والی حرم فاطمہ نے 1193 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، ننکانہ صاحب کے نجی سکول کی طالبہ نورالہدیٰ اور ابوذر نے 1188 نمبر لے کر دوسری جبکہ لاہور کے نجی سکول سے تعلق رکھنے والے محمد علی نے 1187 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ساہیوال تعلیمی بورڈ کے میٹرک سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کے مطابق 71,789 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا جن میں سے 48,680 نے کامیابی حاصل کی، اور کامیابی کا تناسب 67.81 فیصد رہا،محمد فیضان نے 1185 نمبروں کے ساتھ بورڈ میں ٹاپ کیا جبکہ ام رومان نے 1187 نمبروں کے ساتھ دوسری اور فیضان فرید نے 1189 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک سالانہ امتحانات 2025 کےنتائج کااعلان کردیا، تینوں پوزیشنیں نجی سکولوں کے طلبہ و طالبات نے حاصل کیں،محمد معیز قمر نے 1189 نمبروں کے ساتھ بورڈ میں ٹاپ کیا، ماہم ممتاز نے 1187 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ میرب ورک نے 1186 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سرگودھا تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک امتحانات 2025 میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا جس کے مطابق نجی سکول کی طالبہ مروہ سہیل نے 1187 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،گورنمنٹ ہائی سکول کمرمشانی کے طالب علم سراج خان نے 1186 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور اسد، مبین، اور منیب الرحمن نے 1184 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
چِیئرمین بورڈگوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی کے مطابق گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے میٹرک امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 25 ہزار 71 امیدواروں نے شرکت کی،ایک لاکھ 58 ہزار 863 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 70.58 فیصد رہا،میٹرک امتحانات میں پہلی تین پوزیشنیں 19 طلبہ وطالبات نے حاصل کرکے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا، 19 پوزیشنز میں سے 12 پوزیشنز طالبات نے حاصل کرکے میدان مارلیا،7 پوزیشنز پر بوائز نے اپنا قبضہ جمایا،تین امیدواروں شفایت رسول، علیشہ زیب اور فاطمہ شریز نے 1200 سے میں 1187 نمبر لیکر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، محمد موہد، محمد عبداللہ نے 1186 نمبر لیکر مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، پانچ امیدواروں نے 1200 میں سے 1185 نمبر لیکر مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی، پہلی 19 ٹاپ پوزیشنوں میں سرکاری سکولوں کے حصے میں صرف 5 پوزیشنیں آئیں۔
راولپنڈی بورڈ میں لارنس کالج گھوڑا گلی کے طالبعلم محمد عثمان نے 1188 نمبرز لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پنجاب گرلز سکول تلہ گنگ کی طالبہ بسمہ علی 1177 نمبرز لے کر دوسرے نمبر پر رہیں اور بحریہ فاؤنڈیشن گرلز اسکول چکوال کی طالبہ مریم شہزادی نے 1175 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن لی۔
لاہور بورڈکے میٹرک کے آن لائن نتائج معلوم کرنے کے لیے طلبا کو لاہور بورڈ کی ویب سائٹ https://www.biselahore.com/ پر جانا ہوگا، جہاں ویب سائٹ کھلتے ہی صفحہ اول پر میٹرک رزلٹ 2025 کا آپشن دیا گیا ہے، جس کو کلک کرنے سے رول نمبر باکس اوپن ہو جائے گا، اس رولنمبر باکس میں طلبا کو اپنا رول نمبر درج کر کے اینٹر کرنا ہوگا جس کے بعد ان کا مطلوبہ نتیجہ سکرین پر آ جائے گا۔