سٹی 42 (علی اکبر) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے۔ اس کا تدارک صرف اللہ تعالیٰ سے دعا اور معافی سے ہی ممکن ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہمیں احتیاط کو بھی ملحوظِ خاطر رکھنا ہو گا۔
پارٹی رہنماؤں سینیٹر کامل علی آغا اور میاں عمران مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں پہلی مرتبہ ایسا دیکھنے میں آ رہا ہے کہ باپ بیٹے سے، ماں بیٹی سے، بہن بھائی سے نہیں مل پا رہے، ایک عجیب سی فضا پیدا ہوگئی ہے اس میں ہر انسان کا فرض بنتا ہے کہ وہ احتیاط سے خود کو اور اپنے پیاروں کو بھی محفوظ رکھے۔
انہوں نے کہا یہ بات افسوسناک ہے کہ ہمارے ملک میں سیاسی اور سماجی سطح پر اس بیماری کے حوالے سے کوئی ہم آہنگی نہیں پائی جاتی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس بیماری کے ذریعے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کوئی ایٹم بم یا میزائل ہمیں کورونا سے نہیں بچا سکتا۔
انہوں نے کامل علی آغا سے کہا چونکہ آپ کا لوہے کا کاروبار ہے، آپ انتظار کریں، چار ارب روپے کا میزائل اب لوہے کے بھاؤ بکے گا۔ آپ بھی اس کی بولی میں حصہ لیں ہو سکتا ہے کہ یہی میزائل چار سو روپے میں مل جائے۔
پارٹی سربراہ کا اپنی گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ نجات صرف اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور اس سے معافی طلب کرنے میں ہے، اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا یہی واحد راستہ ہے جس کو اپنا کر ہم اپنی دنیا اور آخرت بہتر بنا سکتے ہیں۔