ویب ڈیسک: شہرِ قائد میں سردی کی جما دینے والی لہر کے بعد پرائیویٹ سکولز نے 31 جنوری تک سکول صبح 9 بجے کھولنے کی سفارش کی ہے۔
سندھ میں سردی کی لہر برقرار ہے جس کے پیش نظر چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا ہے، جس کے مطابق سکول 9 بجے کھولے جائیں۔ اس حوالے سے چیئرمین نے کہا کہ سندھ کے دوردراز اضلاع میں موسم کی شدت معمولاتِ زندگی زیادہ متاثر کرتی ہے۔
پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے 31 جنوری تک سکول صبح 9 بجے تک کھولنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکولز سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس فوری بلاکر نیا تعلیمی کیلنڈر طے کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرتعلیم سندھ سردی کے باعث 31 جنوری تک سکولز کھلنے کا وقت صبح 9 بجے برقراررکھیں۔
حیدرعلی نے کہا کہ یونیفارم ایگزامینیشن سلیبس اور پیپرز کی اسپیسی فکیشن جلد جاری کی جائیں، تعلیمی سال کے اختتام اور امتحانات میں کم وقت باقی ہے فوری فیصلوں کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پرائیویٹ سکولز کی جانب سے نئے داخلے، امتحانی شیڈول اور تعطیلات کے تعین پر فوری غور کی بھی درخواست کی گئی۔
وزیرتعلیم سندھ نے یکساں امتحانی نصاب اور معیاری پیپرز کا فیصلہ خوش آئند قرار دیا ہے، سلیبس اور پیپر معیار جاری نہ ہوئے تو رواں سال عملدرآمد مشکل ہونے کا خدشہ ہے۔