سٹی 42 : پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کی ملاقات ہوئی ۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی ۔ ریاض فتیانہ نے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین سے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ موجود ہے، چوہدری شجاعت حسین ایک مدبر سیاستدان اور درد دل رکھنے والے انسان ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ رواداری اور برداشت کی سیاست کو فروغ دیا ۔
سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے، پاکستان کے تمام سول ایوی عسکری ادارے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ ہر ایک ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اوقاف ڈیپارٹمنٹ میں کی گئی اصلاحات بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول یقینی بنایا ہے ۔ حکومتی اقدامات اور موثر حکمت عملی کے باعث پنجاب میں اربوں روپے کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے۔ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام تیزی سے جاری ہے۔ محکمہ اوقاف کے امور میں مزید شفافیت لانے کیلئے کمپیوٹرائزیشن کا عمل جاری ہے ۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے ۔