سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)کا دورہ کیا، جس کے دوران اُنہیں این ڈی ایم اے ٹیم کی جانب سے 2026 کے دوران پاکستان اوردیگر ممالک کو ممکنہ خطرات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ کو این ڈی ایم اے کے پیشگی آگاہی اورانتباہ کے لیے فعال جدید نظام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان لینز کی روشنی میں 2026 کے دوران پاکستان کو ممکنہ موسمیاتی خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام خطرات کی پیشگی تشخیص اور نگرانی کے لیے فعال ڈیجیٹل پورٹلز اورآفات کے حوالے سے عالمی سطح کی موبائل ایپلیکیشن پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے این ڈی ایم اے کی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور اداروں کے مابین رابطہ کاری کو سراہا۔ محسن نقوی نے این ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کے درمیان اشتراک پر بھی زور دیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور تربیتی کورسسز کے لیے سول ڈیفنس اکیڈمی کی خدمات بھی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
بعدازاں وزیر داخلہ نے این ڈی ایم اے میں قائم سینٹر آف ایکسیلینس کا بھی دورہ کیا۔