جنید ریاض:ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے 80 ہونہار طلباء کو سعودی عرب میں ملازمت فراہم کر دی گئی ہے۔
طلباء کو جاب آفر لیٹرز دینے کی تقریب جی سی ٹی ریلوے روڈ میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں سیکرٹری سکل ڈویلپمنٹ نادر چٹھہ، سی او او ٹیوٹا فیصل فرید کے علاوہ ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، معاذ سلیم اور عظمیٰ نادیہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری سکل ڈویلپمنٹ نادر چٹھہ نے بتایا کہ 80 ہونہار طلباء کو سعودی عرب میں ملازمت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طلباء فائر الارم ٹیکنیشن اور فائر پروٹیکشن ٹیکنیشن کے طور پر خدمات انجام دیں گے اور انہیں ماہانہ 1600 سے 1800 سعودی ریال تک معاوضہ ملے گا۔ نادر چٹھہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ طلباء کو روانگی سے قبل دو ماہ کی ٹیکنیکل، سافٹ اسکلز اور پری ڈیپارچر ٹریننگ بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ بیرون ملک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کامیاب طلباء کو جاب آفر لیٹرز تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔