ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے معاملے میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور فریقین آہستہ آہستہ کسی حل کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی اس وقت بھی تہران میں موجود ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ معاملہ کسی ممکنہ حل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کرے خطے میں جلد امن قائم ہو کیونکہ پاکستان دنیا کو ایک بڑے بحران سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خطے کے مختلف ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور امید ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب ہوں گی۔
وزیر دفاع نے مہنگائی کے حوالے سے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ محدود وسائل رکھنے والا طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی بحالی کے عمل میں تھا تاہم حالیہ جنگی صورتحال کے باعث معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ معاشی ریکوری کا عمل نہ صرف سست ہوا بلکہ بعض معاملات میں الٹ اثرات بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں امن قائم ہو جاتا ہے تو پاکستان کے لیے معاشی صورتحال بہتر بنانا آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اس بات کا مکمل احساس ہے کہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔