ویب ڈیسک:ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان وِرک نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پیر سے ماہِ مئی کے اختتام تک ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
ان کے مطابق وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، جنوبی خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ہیٹ ویو کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
عرفان ورک نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دوران تفریح یا سیر و سیاحت کیلئے دن کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور ممکن ہو تو شام یا رات کے وقت سفر یا تفریح کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز پگھلنے اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سندھ میں شدید گرمی کی نئی لہر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی سے 31 مئی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اندرونِ سندھ کے کئی اضلاع میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ، بچے، خواتین اور کسان خصوصاً دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔