ویب ڈیسک:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت دہشتگردوں کو فنڈنگ فراہم کرتا ہے، فتنہ الہندوستان خضدار میں بچوں کی شہادت میں ملوث ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کررہا ہے، مختلف گرفتار دہشتگردوں نے بھارتی پشت پناہی کا اعتراف کیا ہے، فتنہ الہندوستان خضدارمیں بچوں کی شہادت میں ملوث ہے۔حملے کے کئی بچے ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 2016 میں بھی بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے، 2009 میں پاکستان نے بلوچستان میں بھارت کے ملوث ہونے کا ڈوزیئرپیش کیا، کلبھوشن نےاعترافی بیان میں تمام ترحقائق بتائے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 12 اپریل کو فتنہ الہندوستان نےمزدوروں کو شہید کیا، پنجگورمیں بھی غریب مزدوروں کو شہید کیا گیا، دکی میں کوئلےکی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو شہید کیا گیا، 14 فروری کو ہرنائی میں 10معصوم لوگوں کوشہید کیا گیا۔ بارکھان میں 7مسافروں کوبس سے اتارکر شہید کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بارکھان میں 7مسافروں کو بس سے اتار کر شہید کیا گیا، 11 مارچ کو جعفرایکسپریس میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنایا گیا، 26 مارچ کو گوادرمیں مزدوروں کوشہید کیا گیا۔ 9 مئی کو لسبیلہ میں 3مزدروں کو قتل کیا گیا، نوشکی میں 4مزدوروں کو شہید کیا گیا۔ خضدار حملے میں 51زخمی ہیں،اکثریت بچوں کی ہے، فتنہ الہندوستان کے اصل باپ نے حملے کرکے معصوم لوگوں کونشانہ بنایا۔
اس سے قبل وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ خضدار میں دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، دہشت گردوں نے اسکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، دہشتگرد حملہ اسکول بس پر نہیں ہماری اقدار پر تھا، خضدار حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، دہشتگردوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔