سٹی 42 : سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروپ کی پاک-افغان سرحد کے ذریعے ملک میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 16 دہشتگرد جہنم واصل کردیے ۔
22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب، شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلی میں پاکستان-افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والےخوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت مانیٹر کیا۔ جس کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا، دوران آپریشن شدید فائرنگ کے تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تمام 16 خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے۔
پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی جانب سرحدی نگرانی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے۔ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہر قیمت پر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر مکمل طور پر تیار ہیں۔
سورس : آئی ایس پی آر