سٹی42: بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے منگچھر میں چار مزدوروں اور نوشکی میں چار پولیس جوانوں کو شہید کرنے والے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔
ہفتے کے روز صوبہ میں ہونے والے دہشتگردی کے دو واقعات میں آٹھ روزہ داروںں کے شہید ہو جانے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا، رمضان کے مغفرت کے عشرہ میں بے گناہ مسلمانوں کو شہید کرنے والے آخرت میں تو جہنم میں جائیں گے ہی، ہم ان پر اور ان کے سہولت کاروں پر زندگی کو بھی جہنم بنا دیں گے۔ نوشکی میں پولیس موبائل پر حملہ کرنے اور منگچھر میں4 نہتے مزدوروں کو شہید کرنے کی وحشیانہ کارروائی میں ملوث غداروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا، پولیس اہلکاروں اور بے گناہ مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں۔
دشمن عناصر کی کمر توڑ کر امن کے دشمنوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔
ریاست کے دشمنوں کو نشانہ عبرت بنایا جائے گا۔ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو بھرپور وسائل فراہم کرکے دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی قیمت پر امن خراب نہیں ہونے دیں گے،خون بہانے والوں کو بلوچستان میں چھپنے نہیں دیں گے، سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم و صدر مملکت کی قلات میں دہشتگرد حملے کی مذمت
یہ بھی پڑھیں : بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر ماہ رنگ بلوچ کوئٹہ جیل منتقل