ابوبکر ارشد:جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری امیر العظیم کے انتقال پر جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے امیر العظیم کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے بھائیوں نور العظیم، اشرف العظیم اور اسد العظیم سے ملاقات کی اور مرحوم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
اس موقع پر حافظ ادریس، نذیر احمد جنجوعہ، اظہر اقبال حسن، مشتاق احمد بٹ، فرحان شوکت، عامر انجم جعفری اور نصیر احمد سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔
لیاقت بلوچ نے مرحوم امیر العظیم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی، جبکہ اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ امیرالعظیم کافی عرصہ سے علیل تھے اور منصورہ ہسپتال میں ایڈمٹ رہے اس کے بعد ان کو کینسر کیئر ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا ۔
امیر العظیم 1958ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اسلامیہ اسکول سنت نگر سے میٹرک اور اسلامیہ کالج ریلوے روڈ سے ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا، جبکہ اسلامیہ کالج سول لائنز سے فزکس ڈبل میتھ کے ساتھ بی ایس سی، اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
امیرالعظیم اسکول کے زمانہ سے اسلامی جمعیت طلبہ کے ساتھ وابستہ ہو گئے تھے۔ پنجاب یونیورسٹی طلباء یونین کے منتخب صدر رہے، بعدازاں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر فرائض سر انجام دیے۔ زمانہ طالب علمی میں امیر العظیم نے ضیاء الحق دور میں طلبہ یونین کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اور اس کے لیے جیل کی صعوبتیں برداشت کیں، اسی قید کے دوران اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر انھیں منتخب کر لیا گیا۔