ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اٹامک انرجی ہسپتال مظفرآباد خطے کے لیے وفاق کی جانب سے بہترین تحفہ ہے؛ چوہدری انوار الحق

اٹامک انرجی ہسپتال مظفرآباد خطے کے لیے وفاق کی جانب سے بہترین تحفہ ہے؛ چوہدری انوار الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ اٹامک انرجی ہسپتال مظفرآباد خطے کے لیے وفاق کی جانب سے بہترین تحفہ ہے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے وفاقی حکومت کے تعاون سے نو تعمیر شدہ اٹامک انرجی کینسر ہسپتال مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ چوہدری انوار الحق نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ 

 ڈائریکٹر جنرل  این ایم  او ڈاکٹر شازیہ فاطمہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں ہسپتال میں کینسر کی مختلف اقسام کی تشخیص اور علاج کے لیے دستیاب جدید مشینری بارے بھی  بریفنگ دی گئی ۔ 

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ اٹامک  انرجی  ہسپتال مظفرآباد خطے کے لیے وفاق کی جانب سے بہترین تحفہ ہے، مستقبل میں مختلف اقسام کے کینسرز کی تشخیص اور بروقت علاج کے لیے اس ہسپتال کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواہش تھی آزاد کشمیر کی عوام کے لئے ایک بہترین کینسر ہسپتال قائم ہو ۔ ہسپتال کی ضروریات کے لیے محکمہ صحت آزاد کشمیر اٹامک انرجی ہسپتال مظفر آباد کو ہر ممکن آپریشنل تعاون فراہم کرے گا ۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہاں ہسپتال کا انفراسٹرکچر اور  سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری دیکھ کر دلی خوشی ہوئی، صحت کے مسائل کا خاتمہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نےکہا کہ 5.4ارب کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے  والا یہ ہسپتال کینسر جیسے مہلک  امراض  کے علاج معالجے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔