سٹی 42 : این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجینسیز آپریشن سینٹر نے پہاڑی اوربالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا، جس کے مطابق بالائی و شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ، اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید برفبای کا امکان ہے۔
این او ای سی نے ملک کے مختلف مقامات کے لیے 23تا 29 جنوری تک موسمی حالات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری متوقع ہے، خیبرپختونخوا کے پہاڑی و شمالی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں حالیہ برفباری کے سلسلے کے دوران برفانی تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی کے پی اور شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعدبرفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے ۔
برفباری سے پہاڑی علاقوں میں رابطہ سٹرکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ 24 جنوری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردکی لہر کا امکان ہے۔ اسکے علاوہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا امکان ہے۔
عوام برفباری اور دھند کے دوران کو غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر نہایت ضروری ہو تو احتیاطی تدابیرضرور اختیار کریں۔ دوران سفر انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری اور ضروری مشینری اوروسائل کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، ساتھ ہی برف ہٹانے والی مشینری اور ریسپانس ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ای او سی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور ضروری معلومات کی متعلقہ اداروں تک بر وقت رسائی یقینی بنا رہا ہے ۔
شہری موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے“پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ”موبائل ایپ سے راہنمائی لیں۔