سٹی42: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بلال منصور نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کراچی کے رہنما بلال منصور نےپیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور سے ملاقات کی، اس موقع پر سعید غنی، سہیل انور سیال اور ڈپٹی میئر سلمان مراد موجود تھے۔
ملاقات کے دوران بلال منصور نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی اورپیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور نے ان کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔
اس سے قبل 9 دسمبر 2026 کو مظفر آباد میں پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا لگا تھا جہاں مرکزی رہنما اور سابق امیدوار اسمبلی سردار شاہنواز اختر نے اپنے سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
تقریب کے دوران سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے سردار شاہنواز اختر کو ہار پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا تھا۔
اس موقع پر سابق وزیر اعظم فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی بہتر کارکردگی کے اثرات آزاد کشمیر تک پہنچ رہے ہیں۔تقریب کے دوران پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنان نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی تھی۔