جنید ریاض :صوبہ بھر میں پرائیویٹ سکولوں کے سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ نہ کیے جانے کا انکشاف سامنے آ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اے، اے پلس اور بی کیٹگری پرائیویٹ سکولوں کی سکیورٹی مانیٹر کرنے کے واضح احکامات جاری کیے تھے، تاہم ان ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے متعلقہ اتھارٹیز کی جانب سے پرائیویٹ سکولوں کی سکیورٹی مانیٹرنگ نہ کرنے پر سخت نوٹس لے لیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے ایک بار پھر سرکاری اور پرائیویٹ دونوں سکولوں کی سکیورٹی چیک کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے سکول انتظامیہ کو سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ضلع تعلیمی افسران کو سرکاری و نجی سکولوں کے اچانک دورے کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ سکولوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔