سعید احمد:لاہور ایئرپورٹ سے جدہ جانے والی ایئر سیال کی پرواز تین روز گزرنے کے باوجود تاحال روانہ نہ ہو سکی، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پرواز کے مسافروں کو بورڈنگ کارڈز جاری کر دیے گئے تھے اور وہ جہاز کے انتظار میں ایئرپورٹ پر موجود رہے۔
متاثرہ مسافروں کا کہنا ہے کہ تین روز سے انہیں یہ بتایا جا رہا ہے کہ پرواز آج یا کل روانہ ہو جائے گی، تاہم تاحال کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا۔ مسافروں میں بڑی تعداد عمرہ زائرین کی ہے، جو طویل انتظار اور غیر یقینی صورتحال سے سخت پریشان ہیں۔
مسافروں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پہلے بتایا گیا کہ جہاز میں خرابی پیدا ہو گئی ہے، جبکہ بعد ازاں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ جہاز جدہ سے لاہور نہیں پہنچ سکا۔ تاخیر کے باعث درجنوں عمرہ زائرین نے احرام بھی اتار دیے، جس سے انہیں مزید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب ایئر سیال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دورانِ پرواز طیارے میں فنی خرابی سامنے آئی تھی، جسے دور کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق خرابی دور ہونے کے بعد جہاز کو روانہ کر دیا جائے گا، جبکہ مسافروں کو عارضی طور پر ہوٹل منتقل کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔