ویب ڈیسک: سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا کہ آخر کار آج پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی ہو رہی ہے،پی آئی اے کی بولی جو بھی جیتے ، جیت پاکستان کی ہوگی۔
سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نےپی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے کہا کہ پی آئی اے کے شاندار ماضی کی بحالی کے لیے ہم اپنا سب کچھ قربان کر کے آگے بڑھ رہے ہیں،پی آئی اے کی بحالی کے لیے میرا تن ، من اور دھن حاضر ہے ۔
سابق وزیر نے کہا کہ بولی جیتنے والا پی آئی اے کی شاندار ماضی کو بحال کرے گا،بولی جیتنے والا پی آئی اے کا عظیم سلوگن بحال کرے گا ،نجکاری کمیشن نے پاکستان کے بڑے بزنس گروپس کو بولی میں شامل کرنے کے لیے بہترین کوششیں کی ہیں۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ نجکاری کمیشن نے بزنس گروپس کو پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز اور منیجمنٹ کی آفر دی ہے،گذشتہ 20 سال میں پی آئی اے نے 800 ارب روپے کا خسارہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی مشکلات کے باعث قومی ایئرلائن کو شدید مشکلات کا سامنا تھا،ایک محب وطن پاکستانی کے طور پر میرے سارے وسائل قومی مفاد کے لیے حاضر ہیں،پی آئی اے بہت جلد عظمت کی اڑان بھرے گی ،پوری قوم پی آئی اے پر فخر محسوس کرے گی ۔