سٹی 42 : میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے زیر اہتمام “جدید ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ” پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منقعد ہوئی۔
کانفرنس کا مقصد بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹیجک رجحانات اور جنگ پر جدید ٹیکنالوجی کے اثرات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کے فروغ کےلیے دفاعی صنعت، صارفین اورتعلیمی اداروں کے مابین تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پیداوار اور خود انحصاری کےفروغ سے پاکستان میں کم لاگت اور عالمی معیار کی حامل دفاعی صنعت قائم ہوگی۔
نیول چیف نے کہا کہ بحرِ ہند ایک اہم خطہ ہے جہاں مستقبل کی جنگی حکمت عملی تشکیل پا رہی ہے، بحرِ ہند سے عالمی تجارت کی وسیع آمدورفت ہے جس میں رکاوٹ سے عالمی معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
کانفرنس میں اجاگر کیا گیا کہ تیز رفتار تکنیکی ترقی جنگ کی نوعیت بدل رہی ہے اور دفاعی حکمتِ عملی ازسرِنو متعین ہو رہی ہیں۔ کانفرنس میں مستقبل کے جنگی رجحانات سے ہم آہنگی کے لیے مسلسل علمی و فکری تعاون پر زور دیا گیا۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری قیادت، پالیسی سازوں، سفارتکاروں، ماہرین ِتعلیم،صنعتیِ ماہرین اور طلبہ نے شرکت کی۔